یہ کتاب ذہن وفکر کی تربیت، انسانی نفسیات کو بالیدہ اور انسانی شعور کو بیدار کرتی ہے۔ اس کے موضوعات میں اسلامیات، نفسیات، سماجیات، نفس انسانی اور مداوائے غم وغیرہ سبھی کچھ ہے۔ آسان، رواں ، شگفتہ اور دل نشین اسلوب میں قاری کے سامنے وہ مباحث پیش کرتی ہے جن سے اس کے ذہن کو جلا ملے، رنج و غم دور ہوں ، حزن و ملال کے بادل چھٹیں، ماضی کی یاد میں کھوئے رہنے سے نجات ملے اور انسان مستقبل کی تعمیر کیلئے تازہ دم ہو جائے۔ تلخیوں کو فراموش کر کے مسائل و مشکلات کا سامنا خندہ پیشانی سے کر سکے۔ یہ کتاب بتاتی ہے کہ دنیا کی زندگی اصل اور دیر پا نہیں ہے بلکہ یہ چند روزہ ہے۔ قرآنی آیات، احادیث شریفہ، واقعات عالم اور احوال سلف کے ذریعہ دنیا کی بے ثباتی واضح کرنے کے ساتھ ساتھ بتاتی ہے کہ یہ چند روزہ زندگی انسان کو ہنس کھیل کے گزارنی چاہئے نہ کہ رنج و غم اور تفکرات کے سائے میں۔ یہ تقدیر پر ایمان کے ساتھ کامیاب و بامراد زندگی جینے کے ڈھنگ اور توکل کی حقیقت بتاتی ہے۔ ” تو کل“ نکمے پن“ بے عمل اور بے کاری کا نام نہیں بلکہ انسان کے اللہ پر کامل یقین اور دعا و مناجات کے ساتھ ساتھ اللہ کریم کے پیدا کردہ وسائل، امکانات، مواقع اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر عمل کی دنیا میں سرگرم ہونے کا نام ہے۔ دنیا چند روزہ اور آنی جانی ہے، اس لئے آخرت کی جاوداں زندگی کے لیے کام کریں۔ یہ کتاب اچھی عادتوں کو اختیار کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ اس میں کثرت سے قرآنی آیات، احادیث نبوی ﷺ، آثار صحابہ رضی اللہ عنھم اور اقوال ائمه و بزرگان دین نیز حکماء و دانشوروں کے خیالات و افکار نقل کئے گئے ہیں۔ مگر اس میں صدق بیانی کا پورا خیال رکھا گیا ہے اور تاریخ کے غیر ثابت شدہ قصوں، متصوفین کے تذکروں اور من گھڑت داستانوں سے احتراز کیا گیا ہے۔ یہ کتاب خوش نما رنگوں کی ایک حسین قوس قزح ، گلہائے رنگارنگ کا ایک حسین گلدستہ، ایک خوبصورت مرقع اور ایک دل کش انتخاب ہے۔